ملتان(صباح نیوز)امیر جمعیت علما اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے بلدیاتی الیکشن نہیں عام انتخابات کا اعلان کیا جائے۔ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جعلی اسمبلیاں ہیں ، جب تک یہ موجود ہیں اس وقت ملک میں لوگوں کو بلدیاتی الیکشن کی طرف متوجہ کرنا ان کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ووٹ کے حق سے دستبردار کرنے والی بات ہے،جنوبی پنجاب کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی پولیس کا تقرر آدھا تیتر، آدھا بٹیر والی بات ہے ، ایک تاثر دے رہے ہیں کہ جیسے ہم نے جنوبی پنجاب کو بڑی اہمیت دی ہے ۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ چور تمہاری کابینہ میں بیٹھے ہیں تو جلدی سے ان کو پکڑ لو اگر واقعی تم چوروں کو پکڑنے کے لیے آئے ہو ، ورنہ کہہ دو ہم ڈراما ہیں ,حکومت کو سپورٹ کرنے والے بھی ڈانواں
ڈول ہیں اور حکومت کی مخالفت کرنے والے بھی ڈانواں ڈول نظر آرہے ہیں،میرے خیال میں اس وقت درمیانی راستہ اختیار کرنے کی کوئی جگہ نہیں رہی ہے، گنجائش ہی نہیں ہے، واضح طور پر یا حکمرانوںکے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا یا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا اس کے بیچ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔