آن لائن کلاسز ،جلد اعلیٰ سطحی اجلاس بلایا جائے، چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ

209

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس نذیر احمد لانگو پر مشتمل2 رکنی بینچ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آن لائن کلاسز کے حوالے سے جلد از جلد ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کریں جس میں سیکرٹری انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، سیکرٹری ایجوکیشن اسکولز تمام صوبے کی تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز
بمع رجسٹرارز، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو مدعو کیا جائے اجلاس اگلے ہفتے تک طلب ہو نا چاہیے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اجلاس کی تاریخ وقت اور جگہ کا تعین کرے اور تمام شرکاءکو مقررہ وقت پر اجلاس کے بابت اطلاع دیں۔ تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر اور ایجوکیشن کمیشن کا نمائندہ 10 یوم کے اندر بامقصد تجاویز پیش کریں، ا ے جی جی اور یونیورسٹیوں کے رجسٹرار اپنی رپورٹ اور اجلاس کی منٹس کی کاپیاں جمع کرائیں۔ وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار، یونیورسٹی آف بلوچستان کے رجسٹرار، بلوچستان یونیورسٹی آف مینجمنٹ ہیلتھ سائنسز اور تربت یونیورسٹی نے بینچ سے استفسار کیا کہ طلبہ کی اکثریت آن لائن کلاسز اور مطلوبہ لیکچرز ڈاو¿ن لوڈ کرکے اس سے استفادہ کر چکے ہیں لیکن انہوں نے اس حقیقت کو بھی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی مزید سہولیات سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ صوبے کے طلبہ کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔