اختلافات کی افواہیں اڑانے والے ناکام ہونگے، پرویز الٰہی

145

لاہور (نمائندہ جسارت) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ تمام اتحادی ایک پیج پر ہیں، اختلافات کی افواہیں اڑانے والے ناکام ہوں گے۔ چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارا اتحاد عوامی مسائل کے حل کیلیے ہے جو پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہوگا۔ پنجاب اور مرکز میں تبدیلی کا خواب دیکھنے والوں کو کبھی تعبیر نہیں ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ق) نے بطور اتحادی بجٹ کی منظوری میں مرکز اور پنجاب میں بھرپور حصہ لیا اور بطور اتحادی ساتھ دیا۔ علاوہ ازیں اسپیکر پنجاب اسمبلی سے پاک پرتگال ایسوسی ایشن کے صدر محبوب احمد کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل، پاکستان اور پرتگال کے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کیلیے آواز بلند کی، ہمارا مقصد ہے کہ عوامی مسائل حل کرکے ان کے ریلیف کا بندوبست کیا جائے۔ وفد کے رہنما محبوب احمد نے اسپیکر سے درخواست کی کہ پرتگال کے پاکستان میں ویزا سیکشن کی بحالی کے لیے کردار ادا کریں۔ اسپیکر نے یقین دلایا کہ وہ اس ضمن میں متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔