وزیر اعظم نوٹس لینا بند کریں، استعفا دیں ، اور گھر جائیں ، بلاول

160

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوٹس لینا بند کریں، استعفادیں اور گھر جائیں۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نے ادویات پر نوٹس لیا تو وہ مہنگی ہوگئیں، وزیراعظم نے آٹا، چینی پر نوٹس لیا تو وہ مہنگے ہوگئے۔بلاول کا کہنا تھا کہ بہتر ہے وزیراعظم اپنے آپ کو قرنطینہ میں رکھیں اور کام چھوڑدیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ پاس ہونے سے پہلے ہی
عوام پر پیٹرول بم گرا دیا گیا جب کہ کے الیکٹرک کراچی کے عوام کا خون چوس رہی ہے،پورے پاکستان کو نظر آرہا ہے کہ وزیراعظم کے پاس صرف 2 آپشنز ہیں، وزیراعظم غلطی کا اعتراف کریں اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کا اعلان کریں یا استعفا دیں اور گھر جائیں۔چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ راجا پرویز اشرف بری ہو گئے جب کہ جہانگیر ترین لندن میں مزے کر رہے ہیں لیکن ان کا وزیراعظم شوگر کمیشن کا رونا رو رہا ہے۔بلاول نے یہ بھی کہا کہ ان سب کو اور ن لیگ کو بھی معافی مانگنی چاہیے، وزیراعظم بے نظیر بھٹو کو شہید نہیں کہہ سکتے لیکن اسامہ بن لادن کو شہید کہتے ہیں۔