بلاول کا اختر مینگل سے رابطہ پر گفتگو ۔حکومت نے 2 سال بعد 6 نکات پر عملدرآمد شروع کردیا

420

اسلام آباد (آئی این پی+آن لائن) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کو فون کرکے ملک کی سیاسی صورتحال، کورونا وائرس اور ٹڈی دَل کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ سردار اختر مینگل سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہمعوام دشمن بجٹ کو کسی صورت نہیں مان سکتے‘ دوسری طرف 18 ویں آئینی ترمیم پر تنقید کرکے عمران خان ملک کے دستور پر حملے کر رہے ہیں‘ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے آج کورونا وائرس بھی ہر جگہ پھیل چکا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلائو پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی اور سردار اختر مینگل کے درمیان این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے بھی حکومتی اقدامات پر گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان بجٹ پر مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق ہوا۔ بلاول زرداری نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سے آئندہ ہفتے بلائی جانے والی اے پی سی کے حوالے سے بھی مشاورت کی۔ علاوہ ازیں بی این پی کے سربراہ اختر مینگل کی حکومت سے علیحدگی کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے اتحادی جماعت بی این پی کو منانے کی کوششیں تیزکر دی گئی ہیں‘ اس سلسلے میں حکومت نے2 سال بعد6 نکات پر عملدرآمد شروع کردیا‘بلوچستان کے لییوفاق میں6 فیصد ملازمتوں کے کوٹے پر عملددر آمد کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیر اعظم ہائوس نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ایک ماہ میں خالی اسامیوں کا ریکارڈ مہیا کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی تمام وزارتیں، محکمے اور ڈویژنز بلوچستان کے لییدستیاب اسامیوں کیلیے اعداد و شمار اور معلومات جمع کریں اور 30 روز کے اندر بلاتاخیر اسٹیبلشمنٹ کے پاس یہ معلومات جمع کرائیں جس کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ایک مکمل رپورٹ تیار کرے گی اور اس معاملے پر اپنی سفارشات کے ساتھ رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔