لاہور(نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے بجٹ سے پہلے ہی منی بجٹ دے دیا ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر لاہور سے جاری رد عمل میں شہباز شریف نے کہا کہ کورونا کی دلدل میں دھنسی قوم پر پیٹرول بم پھینک دیا گیا ہے ، پیٹرولیم قیمتوں میں 33 فیصد اضافہ چینی اسکینڈل پارٹ ٹو ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اس وقت کیا گیا جب ملک میں پہلے ہی پیٹرول کی قلت ہے، چینی کے بعد پیٹرول مافیا کو بھی عوام کو لوٹنے کا لائسنس دے دیا گیا ہے۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پیٹرول مافیا جیت گیا ہے اور عوام ہار گئے ہیں، یہ حکومت مافیاز کی سب سے بڑی حمایتی ثابت ہوئی ہے، پیٹرول کے معاملے میں بھی چینی چوری والی واردات دہرائی گئی ہے، مہنگائی کا سونامی غریبوں کو کھاجائے گا۔گزشتہ شام ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے
پناہ اضافے کے خلاف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے شدید احتجاج کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں پارٹی کے سینئر رکن خواجہ آصف کو اسمبلی میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی لیڈران سے رابطوں کی ہدایات جاری کردیں تھیں۔ شہباز شریف نے یہ بھی حکم دیا تھا کہ قومی اسمبلی میں احتجاج کے دوران پیٹرولیم مافیا کو اسی طرح بے نقاب کیا جائے جس طرح گندم اور چینی مافیا کو بے نقاب کیا گیا تھا۔