سول اسپتال ٹھٹھہ کی رہائشی کالونی میں سہولیات دی جائیں، عطا ناریجو

228

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) سول اسپتال ٹھٹھہ کے ملازمین کا رہائشی کالونی میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، سول اسپتال کے سامنے اسپتال کالونی کے رہائشیوں کی جانب سے مین نیشنل ہائی وے بلاک، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، ایس ایس پی ٹھٹھہ کے حکم پر ایڈیشنل ایس ایچ او مکلی میر محمد گاڈہی کی مظاہرین اور واپڈا عملداروں سے بات چیت کامیاب۔ سول اسپتال کی رہائشی کالونی میں بجلی اور گیس کی بندش کیخلاف عطا ناریجو، علی اصغر جاکھرو، لیاقت عباسی، یوسف واریو، پنھوں جاکھرو کی رہنمائی میں سول اسپتال کے سامنے مین نیشنل ہائی وے بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی شامل تھی جو واپڈا، گیس سمیت دیگر سہولیات کے فقدان کیخلاف نعریبازی کررہے تھے۔ مظاہرے میں شامل پیرا میڈیکل رہنما عطا ناریجو کا کہنا تھا کہ قیامت خیز گرمی میں واپڈا والے ٹرانسفارمر اتار کر لے گئے، جس کی وجہ سے ان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب کالونی میں سوئی گیس ایک سال سے بند ہے مگر انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ اس سلسلے میں ملنے والی معلومات کے مطابق سول اسپتال کی رہائشی کالونی پر واپڈا اور گیس کے بقایات ہیں جو کہ اسپتال انتظامیہ کا معاملہ ہے، اسپتال انتظامیہ دو گروہوں میں تقسیم ہے، ایک طرف ڈی ایچ او ٹھٹھہ تو دوسری جانب مرف این جی او اسپتال کے انتظامات کے دعویدار ہیں، جس کی وجہ سے ملازمین دوہری تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ مظاہرین نے ڈی سی ٹھٹھہ، ڈی ایچ او ٹھٹھہ اور مرف انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لے کر کالونی کے رہائشیوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔