پشاور (صباح نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے پشاور کے علاقے تہکال میں نوجوان پر پولیس تشدد کے خلاف شہریوں کی جانب سے کیا جانے والا احتجاج جھڑپ میں تبدیل ہوگیا جس کے نتیجے میں6 پولیس اہلکار اور2 صحافی زخمی ہوگئے۔2 روز قبل پشاور کے ایک تھانے میں پولیس اہلکاروں کی شہری کو برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنانے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر خاصا ہنگامہ ہوگیا تھا۔جس کے بعد اسمبلی کے سامنے احتجاج کے دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی،اس دوران مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھرائو کیا گیا جس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی اور آنسو گیس بھی استعمال کی۔بعدازاں پولیس کی جانب سے بھاری نفری اور ساتھ ہی بکتر بند گاڑیاں بھی طلب کی گئیںجبکہ مظاہرین ے پر غلیل سے پتھرائو کیا اور فائرنگ بھی کی۔تاہم مظاہرین کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ایس پی کینٹ نے بتایا کہ ایک شخص کو پستول سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔ایس پی کینٹ نے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کا تعین کرکے ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔