اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی ہندتوا سوچ اور جارحانہ پالیسیوں کے باعث پورے خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ان خیالات کاظہار انہوں نے وزارت خارجہ میں علاقائی سلامتی پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا
گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اپنی داخلی کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کے لیے کنٹرول لائن کی خلاف ورزیوں کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ شاہ محمودنے کہا کہ چین کے ساتھ سرحدی تنازع میں ہزیمت اٹھانے کے بعد بھی بھارت اپنی ہٹ دھرمی کی روش پر کاربند ہے ۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کو اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر اٹھا رہا ہے ۔ عالمی برادری کو بھارت کے اس جارحانہ رویے کا فوری نوٹس لینا چاہیے ۔اجلاس میں افغان امن عمل سمیت علاقائی سلامتی کے متعدد امور پر مشاورت کی گئی۔