طیارہ حادثہ کی آزادانہ انکوائری کی جائے،بلاول زرداری

165

کراچی(نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول زرداری نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) طیارہ حادثے کی انکوائری رپورٹ پر ردعمل میں کہا ہے کہ حادثے کا شکار افراد کو موردِ الزام ٹھہرانے اور قربانی کا بکرا بنانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔اپنی
ٹوئٹ میں بلاول کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے رہے ہیں کہ ٹرین کا حادثہ ہو تو وزیر ریلوے کو فارغ کرنا چاہیے۔ طیارہ حادثہ ہو تو وزیر ایوی ایشن کو فارغ کرنا چاہیے اور اب یہ پائلٹ اور ائر ٹریفک کنٹرولر کو حادثے کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حادثے کا شکار افراد کو موردِالزام ٹھہرانے اور ا±نہیں قربانی کا بکرا بنانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔بلاول زرداری نے کراچی طیارہ حادثے کی آزادانہ انکوائری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ طیارہ حادثے کے معاملے پر وزیر ہوابازی کو جانا ہوگا۔خیال رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والے پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ طیارہ پائلٹ اور ائر ٹریفک کنٹرولر کی غفلت کے باعث گرا۔22 مئی کو کراچی آنے والی قومی ائر لائن کی پرواز پی کے 8303 جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی جس سے 97 افراد جاں بحق جب کہ دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔