گوادر(نمائندہ جسارت ) آل پارٹیز گوادر نے کیسکو اور ضلعی انتظامیہ سے ہونے والے مذاکرات اور معاہد ہ سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔ کیسکو نے ضلعی انتظامیہ کی موجودگی میں احتجاجی دھرنے میں آل پارٹیز گوادر کے ساتھ معاہد ہ کرکے بارہ نکاتی مطالبات تسلیم کیے تھے۔ ایس ای کیسکو مکران سرکل نے معاہدے کی دھجیاں اڑا کر انتقامی کارروائی شروع کردی ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ایس ای کیسکو کا فوری طور پر تبادلہ کیا جائے۔ کیسکو اور دیگر ادارے اپنا قبلہ درست کریں، پھر سے احتجاجی تحر یک چلائیں گے۔ آل پارٹیز گوادر کے رہنمائوں کی پر یس کانفرنس میں اعلان۔ آل پارٹیز گوادر کے رہنمائوں نے پریس کلب گوادر میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آل پارٹیز گوادر کا قیام عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے عمل میں لایا گیا تھا، جس کے بعد آل پارٹیز نے بجلی کے بحران کیخلاف یکسوئی کے ساتھ ایک ماہ مسلسل کیسکو آفس کے سامنے دھرنا اور کیسکو آفس کی تالہ بندی سمیت پورٹ روڈ ملا موسیٰ موڑ کے مقام پر احتجاجی دھرنا بھی دیا۔ دھرنے کے موقع پر آل پارٹیز گوادر نے بجلی کے بحران کے خاتمے کے لیے اپنے بارہ نکاتی مطالبات پیش کیے، جس کے بعد کیسکو کے ایکسیئن نے ضلعی انتظامیہ کی موجودگی میں آل پارٹیز گوادر کے بارہ نکاتی مطالبات کو دھرنے کے موقع پر تسلیم کرتے ہوئے بجلی کے بحران کے خاتمے کے لیے معاہدہ اور فوری عملی اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی تھی لیکن اگلے روز ہی کیسکو نے آل پارٹیز کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کی جس کا ذمے دار سپرنٹنڈنٹ انجینئر (ایس ای) کیسکو مکران سرکل ہیں، جنہوں نے انتقامی کارروائی شروع کردی ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ کردیا اور ساتھ ہی صارفین کے قانونی کنکشن کو منطقع کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرانسفارمر کی بندش کا بھی سلسلہ جاری رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیسکو کی اس غنڈہ گردی کی آل پارٹیز گوادر سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی بے حسی بھی قابل مذمت ہے، کیسکو اور متعلقہ ادارے اپنا قبلہ درست کریں اور عوام دشمنی کی روش کو تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیسکو نے معاہدہ شکنی کرکے آل پارٹیز گوادر کو سوچھنے پر مجبور کردیا ہے کہ ہم پھر سے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں، اس لیے ہم آج سے کسیکو کے ساتھ ہونے والے معاہدہ کو ختم کرنے کا اعلان کرکے پھر سے احتجاجی تحر یک چلانے کا اعلان کرتے ہیں۔ ہم نے پہلے جو بارہ نکاتی مطالبات پیش کیے تھے اس میں مزید ایک نکات کا اضافہ کرکے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایس ای کیسکو مکران سرکل کا فوری تبادلہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کیسکو اور ضلعی انتظامیہ نے ہمارے مطالبات پر سنجیدگی سے عمل نہیںکیا تو حالات کی تمام تر ذمے داری ان پر عائد ہوگی۔ انہوں نے گوادر شہر سمیت سربندن اور جیونی میں پانی بحران سمیت ٹینکر مالکان کے واجبات کی عدم ادائیگی پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ گوادر شہر کے مختلف رہائشی علاقوں سمیت سربندن اور جیونی کے مکین پانی کی بوند بوند کوترس رہے ہیں لیکن متعلقہ ادارے پانی کے اس خود ساختہ بحران کے خاتمے کے لیے کردار ادا نہیں کررہے جبکہ ٹینکر مالکان جنہوں نے پانی بحران کے وقت گوادر شہر اور دیگر متاثرہ علاقوں کو پانی فراہم کیا تھا ان کے واجبات کی رقم جو 75 کروڑ روپے بنتی ہے صوبائی حکومت ادائیگی سے انکاری ہے۔ آل پارٹیز ٹینکر مالکان کے مطالبات کو جائز قرار دے کر ان کے واجبات کی ادائیگی اور متاثرہ علاقوں میں پانی کے خود ساختہ بحران کے خاتمہ کا مطالبہ کرتی ہے۔ پریس کانفرنس میں آل پارٹیز گوادر کے کنوینر پی پی رہنما افضل جان، ڈپٹی کنوینر پی ٹی آئی ضلعی صدر مولابخش مجاہد، جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر سعید احمد بلوچ، نیشنل پارٹی کے صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر آدم قادر بخش، بی این پی (مینگل) کے ضلعی صدر کہدہ علی، بی این پی (عوامی) کے ضلعی صدر بنی بخش بابر اور آل پارٹیز گوادر میں شامل سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور کارکنوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔