سندھ حکومت ابھی تک کے فور منصوبے پر عملدرآمد نہیں کرسکی‘ اسد عمر

96

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے کے فور منصوبے کی اہمیت کا ادراک کیا ہے اور وہ اس حوالے سے مناسب کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے تاہم اس منصوبے پر عملدرآمد صوبائی ڈومین میں ہے جس میں تیزی لانے کی ضرورت ہے تاکہ کراچی کے شہری اس قابل ہوسکیں، وہ پانی حاصل کریں جس کی انہیں ضرورت ہے۔ پیر کو پلاننگ کمیشن میں کے فور کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس منصوبے کو ’’لپیٹنے‘‘ سے
متعلق وزیراعلیٰ سندھ کے بیان سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت اس منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے حکومت سندھ سے باقاعدگی سے پیروی کر رہی ہے تاہم ابھی تک صوبائی حکام اس پر عملدرآمد نہیں کر سکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں ڈیزائن سے متعلقہ امور کی وجہ سے کافی وقت سے تاخیر کا سامنا ہے۔ علاوہ ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں پیر کووفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ان کوکورونا وبا کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی چیف سیکرٹریز کی جانب سے ملک بھر میں ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن کی تازہ ترین صورتحال، آکسیجن کی ضرورت کا تخمینہ، وبا کے اعدادوشمار کا جائزہ، ریسورس مینجمنٹ سسٹم کی تازہ ترین صورتحال اور پاک نگہبان ایپ سے متعلق فراہم کی گئی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی چیف سیکرٹریز نے اپنے اپنے صوبوں کی رپورٹ پیش کی ۔