لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چودھری پرویزالٰہی کی تجویز پر گجرات میں 500 بیڈ پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنانے کی اصولی منظوری دے دی۔ ملاقات میں بجٹ سیشن، صوبے کی سیاسی صورتحال، فلاح عامہ کے پروگرام، کورونا سے بچائو کی
حکمت عملی سمیت اتحاد کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تحفظات کو دور کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے گجرات میں 500 بیڈ پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ اسپتال بنانے کی منظوری دینے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ترقی کے سفر میں تحریک انصاف اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں، عوام کی خدمت کے سفر میں شانہ بشانہ ہیں۔ صوبے کی عوام کو ریلیف کی فراہمی کے اس عمل میں مل کر کام کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہم اتحادی ہیں اور اتحادی رہیں گے، اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان کبھی پورے نہیں ہوں گے، ق لیگ کے ساتھ اتحاد پہلے سے مضبوط اور ورکنگ ریلیشن شپ میں بہتری آئی ہے۔ غلط فہمیاں پیدا کرنے والوں کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے، صرف نان ایشوز پر سیاست چمکائی جا رہی ہے۔