بھکر (آن لائن) بھکر میں مردہ انسانوں کا گوشت کھانے والے 2 بھائی سزا مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ جیل بھکر سے رہا ہو گئے تاہم علاقائی امن و امان کے پیش نظر انہیں لاہور میں رشتے داروں کے گھر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کے بھائی انتظار اور بھتیجے کامران کے حوالے کر دیا گیا۔ بھکر کے نواحی علاقے کہاوڑ کلاں کے رہائشی بھائی عارف عرف اپھل، فرمان عرف پھاما نے 2011ء کے دوران علاقائی قبرستان میں دفن ہونے والی کینسر کی مریضہ نوجوان لڑکی کی لاش نکال کر گھر لائے، مجرمان مرحومہ کے اعضا
کا سالن پکا کر کھا رہے تھے کہ اس دوران اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مار کر دونوں بھائیوں کو نعش سمیت حراست میں لے لیا تھا۔ مجرمان نے ایک مرتبہ پھر 2013ء میں کہاوڑ کلاں قبرستان میں ہی واردات کو دہرایا اور 2 سالہ بچے کی لاش نکال کر گھر لے آئے۔ دونوں بھائی بچے کا دھڑ پکا کر کھا چکے تھے جبکہ سر موجود تھا کہ پولیس نے ایک مرتبہ پھر دونوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا تھا۔ انہیں سرگودھا کی خصوصی عدالت نے 10 سال سزا کا حکم سنایا تھا۔