شیعہ عالم دین علامہ طالب جوہری انتقال کرگئے

720

کراچی: شیعہ عالم دین اور ذاکرعلامہ طالب جوہری 80 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔

علامہ طالب جوہری گزشتہ کئی سال سے امراض قلب میں مبتلا تھے اور اسی وجہ سے کئی روز سے نجی اسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے۔ان کے بیٹے ریاض جوہری نے والد کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔

علامہ طالب جوہری 27 اگست 1939 کو بھارت کے شہر پٹنہ میں پیدا ہوئے۔

شعیہ ویب سائٹ پر دستیاب تفصیلات کے مطابق، ان کے والد علامہ مصطفیٰ جوہر بھی ممتاز اسکالر اور اردو کے شاعر تھے ،علامہ طالب جوہری نے نجف عراق میں آیت اللہ العظمی سید ابو القاسم الخوئی سے علم دین حاصل کیا۔

کراچی کے نشتر پارک میں شام غریباں کی مجلس سے طالب جوہری کی شہرت دور دور تک پھیلی۔ آپ کئی کتابوں کے مصنف اور شاعری بھی کرتے تھے۔ حکومت پاکستان نے خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا۔

علامہ طالب جوہری کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہرین انچولی امام بارگاہ میں ادا کی جائے گی، اطلاعات ہیں کہ ان کی تدفین وادی حسین قبرستان میں کی جائے گی۔