لاڑکانہ، نجی گودام سے لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری ادویات بر آمد

206

 

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پولیس کی بڑی کارروائی، سرکاری ادویات کو سستے داموں خرید کر نجی میڈیکل اسٹوروں پر فروخت کرنے والے مافیا کیخلاف گھیرا تنگ۔ ایس پی لاڑکانہ محمد کلیم ملک کا کہنا ہے کہ دڑی تھانہ پولیس نے چھاپا مار کارروائی میں چالیس لاکھ روپے مالیت کی سرکاری ادویات کی دوسری کھیپ بھی برآمد کرلی ہے۔ پولیس کی جانب سے مراد واہن محلے میں نجی گودام پر چھاپا مارا گیا جس میں ادویات کے مزید 50 کارٹون برآمد کرلیے جبکہ چند روز قبل بھی پولیس نے کارروائی کر کے لاکھوں روپے مالیت کی ادویات کے متعدد کارٹونز برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا، تاہم گرفتار ملزمان کی جانب سے ضلع ہیلتھ افسر کو ملنے والی ادویات کو سستے داموں خریدنے کا اعتراف بھی کیا گیا تھا۔ ایس پی کلیم کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ میں سرکاری ادویات کافی عرصے سے فروخت کی جارہی ہیں، گرفتار ملزمان سے تفتیش میں کئی نام سامنے آئے ہیں، تفتیش جاری ہے، مزید گرفتاریاں بھی کی جائیں گی۔