بھارت نے ہاتھ یا آنکھ اٹھائی توفروری یاد رکھے، شاہ محمود قریشی

395

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت نے ہاتھ اٹھایا یا آنکھ اٹھائی توفروری کی طرح یاد رکھے۔سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ یقیناً بھارت بڑا ملک اوراسکی معیشت بڑی ہے لیکن ہم بھارت کی گیدڑبھبکیوں میں نہیں آئیں گے۔ بھارت نے ہاتھ اٹھایا یا آنکھ اٹھائی توفروری کی طرح یاد رکھے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان بھی سوچ رہا ہے کہ امن وامان میں رخنہ بھارت ڈال رہا ہے، آج نیپال، بھوٹان اورسری لنکا بھی بھارت کے خلاف ہیں۔ چین کی سوچ کیا ہے میں جانتا ہوں۔ چین نے بھی بھارت کے پانچ اگست کے اقدام کو مسترد کردیا، اب بھارت تنہا ہورہا ہے، ہمارا کام بھارت کو ایکسپوزکرنا ہے وہ ہم کریں گے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اوربھارت سیکیورٹی کونسل کے ایک ہی گروپ میں ہیں، بھارت 7 مرتبہ اور پاکستان بھی 7 مرتبہ سیکیورٹی کونسل کارکن بن چکا ہے، سیکیورٹی کونسل میں پانچ مستقل اور دس غیر مستقل ممبر ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ غیرمستقل رکن بننے کےلیے کئی سال کی مہم درکار ہوتی ہے، بھارت 9 سال سے اس کےلیے کمپین کررہا تھا۔ بھارت نے جب خواہش ظاہرکی توایشیا پیسیفک گروپ میں صرف بھارت ہی امیدوار تھا، پاکستان چاہتا توبھارت کے مقابلے میں الیکشن لڑتا لیکن حاصل کچھ نہ ہوتا، اس سے ہماری 2025-26 کی کمپین بھی متاثرہوتی۔ پاکستان 2025 -26 کےلیے سلامتی کونسل کی رکنیت کا خواہشمند ہے، اسکےلیے ہمیں آج سے کمپین کرنے کی ضرورت ہے۔