لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ضلع میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر 10 روزہ مکمل لاک ڈائون کا فیصلہ کرلیا گیا، ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق نے آج سے 29 جون تک ضلع بھر میں لاک ڈائون کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ محمد نعمان صدیق کے مطابق لاک ڈائون کے دوران تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہیں گے۔ اشیاء خورونوش اور میڈیکل اسٹورز ایس او پیز کے مطابق کھلے رہیں گے، نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کرنے والوں پر دفعہ 188 کے تحت کارروائی ہوگی، جبکہ سرکاری ملازمین، کورٹ کا عملہ، میڈیکل اسٹاف، صحافیوں اور مریضوں کو استثنا حاصل ہوگا۔ اس حوالے سے ونگ کمانڈر رینجرز اور ایس ایس پی کو لاک ڈائون پر مکمل عمل کروانے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔