سراج الحق کی مولانا عبدالرئوف اور ڈاکٹر سومرو کے انتقال پر اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت

404

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ممتاز عالم دین ،جمعیت اتحاد علما سندھ کے سابق ناظم اعلیٰ اور جامع مسجد قبا کے خطیب شیخ الحدیث مولانا عبدالرئوف کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پرجاکر ان کے صاحبزادوں مولانا ثنا اللہ ، مولانا عطا الرحمن ، مولانا فضل الرحمن ، مولانا ہدایت الرحمن ، داماد مولانا محمود شاہ سے ملاقات کی اور ان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت اور مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے رہنما مولانا محمد دین منصوری ، ضلع گلبرگ کے نائب امیر کامران سراج ، جمعیت اتحاد العلما کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عبدالرئوف نے 65سال سے زاید عرصے کی تحریکی زندگی اللہ کی زمین پراللہ کے نظام کو نافذ کرنے اور لوگوں کو اپنے رب سے جوڑنے کی جدوجہد میں گزاری ، آپ تحریک اسلامی کا قیمتی سرمایہ اور عالم بے بدل تھے ، ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا مشکل سے پر ہوسکے گا ، مرحوم صرف ممتاز عالم دین ہی نہیں بلکہ انتہائی ملنسار شخصیت کے مالک اور دوسروں کی مدد کرنے والے انسان تھے۔قبل ازیں امیر جماعت نے الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے نائب صدر اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) سندھ کے سابق سربراہ ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کے انتقال پر ان کے گھر جاکر ان کے بھائی ڈاکٹر عبدالباری سومرو سے تعزیت کا اظہار کیااور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ڈاکٹر عبد القادر سومرو مریضوں کے علاج میں مصروف تھے اور اسی دوران وہ خود بھی کورونا سے متاثر ہوئے اور مرض سے لڑتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ملاقات میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، سیکرٹری عبدالوہاب ،سیکرٹری ضلع ملیرمفخراحمد ، پیر طالب حسن ، خلیل الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے ۔