چھوٹے صوبوں کے مغربی روٹ کا مطالبہ پورا کردیا، مراد سعید

142

اسلام آباد۔کوئٹہ (آن لائن)وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ چھوٹے صوبوں کے مغربی روٹ کا مطالبہ پورا کردیا، سی پیک تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، نئے منصوبے شروع کیے جارہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں مراد سعید کا کہنا تھا کہسی پیک منصوبے کے مغربی روٹ پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مغربی روٹ کے تحت ڈی آئی خان اور ژوب سڑک کی منظوری دی
گئی۔ حیدر آباد اور سکھر موٹروے کا ٹینڈر رواں سال ہوگا۔ قومی خزانے پر بوجھ بنے بغیر 1800 کلومیٹر سڑکیں بنائیں گے جبکہ جی ٹی روڈ کے علاقوں کو موٹرویز سے منسلک کریں گے۔ مراد سعید کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومتوں کے مقابلے میں سڑکوں پر کم خرچہ ہو رہا ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سڑکیں پہلے سے زیادہ بن رہی ہیں۔ سندھ، جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں منصوبوں کو ترجیح دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ رواں سال کے پی ایس ڈی پی میں 57 منصوبے رکھے گئے ہیں۔ حویلیاں، تھاکوٹ، ملتان اور سکھر روٹ پر ترجیحی بنیادوں پر کام مکمل کیا۔ اب پشاور سے ڈی آئی خان تک موٹروے بھی بنایا جائے گا۔