جولائی میں کورونا کیسز12 لاکھ تک پہنچ سکتے ہیں، اسد عمر

189

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال برقرار رہی تو جولائی کے آخر تک کورونا کیسز کی تعداد 12لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں کوئی تبدیلی نہ کی گئی تو رواں ماہ کورونا کیسز کی تعداد 3 لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے جب کہ ماہرین کہتے ہیں جولائی کے آخر تک کورونا کیسز میں 8 سے 10 گنا تک اضافہ ہوسکتاہے۔وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ عوام سے بار بار اپیل کر رہے ہیں کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، تحقیق کے مطابق فیس ماسک کا استعمال کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں معاون ہے۔ فیس ماسک کے ساتھ سماجی فاصلہ بھی یقینی بنائیں، احتیاط نہیں کریں گے تو کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی آئے گی، جتنی احتیاط کریں گے کورونا اتنا قابو میں رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جا رہی ہے جنہیں اب مزید تیز کر دیا جائے گا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر لوگوں سے روزگار بھی چھن سکتا ہے۔ جہاں کورونا کیسز زیادہ ہوں گے، وہاں پابندیاں لگائی جائیں گی، پنجاب میں لاہور سے بندشوں کا آغازکیا جائے گا۔ ان کے بقول کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پہلے دو ماہ عوام نے نظم وضبط کا مظاہرہ کیا لیکن اس کے بعد ایسا نظر نہیں آیا اس کی وجہ سے آئے روز متاثرین میں اضافہ ہو رہا ہے،آئندہ کچھ دنوں میں کورونا ٹیسٹ کی صلاحیت روزانہ ڈیڑھ لاکھ تک لے جائیں گے، 2 دن سے کورونا کے 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ ہورہے ہیں، سندھ اور پنجاب میں 500 بیڈز اور کے پی میں 400 آکسیجن بیڈز کا اضافہ کیاجائے گا۔ اسد عمر کا کہنا تھاکہ کورونا کو پھیلنا تو ہے لیکن اس کی رفتار کم کرنی ہے تاکہ صحت کا نظام دباؤ میں نہ آئے جب کہ جن علاقوں میں کورونا کیسز زیادہ ہوں گے ادھرٹارگٹڈ لاک ڈاؤن کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت شہریوں کی زندگی کی حفاظت کے لیے اقدامات کر رہی ہے، حکومت کورونا صورتحال میں غریبوں کی مدد کرنے میں کامیاب ہوئی ہے تاہم جہاں کورونا کیسز زیادہ ہوں گے وہاں پابندیاں لگائی جائیں گی، حکومت ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرے گی۔