سکھر، کندھرا ٹائون میں فراہمی آب کی پائپ لائن ٹوٹ پھوٹ کا شکار

227

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر کی تحصیل روہڑی کے نواحی علاقے کندھرا ٹاؤن انتظامیہ کی بے حسی، بس اسٹینڈ کے مقام پر پانی فراہم کرنے والی پائپ لائن جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار، پانی شہر کے اہم داخلی راستوں پر کھڑا ہونے سے شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا، موجود دکانوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے، شہریوں کا حکام بالا سے نوٹس لے کر پائپ لائن کو درست کرنے کا مطالبہ۔ روہڑی کے نواحی علاقے کندھرا ٹاؤن میں ٹاؤن کمیٹی انتظامیہ کی نااہلی و لا پروائی کے باعث بس اسٹینڈ کندھرا کے مقام پر پانی فراہم کرنے والی پائپ لائن جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کی وجہ سے شہر کے اہم داخلی راستوں پر پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب پانی کی موجودگی کے سبب دکانوں، عمارتوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ کندھرا کے مختلف علاقوں میں پانی کا پریشر نہ ہونے کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی نہیں پہنچ رہا اور پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ کندھرا کے سیاسی، سماجی، مذہبی رہنماؤں نے کمشنر ڈپٹی کمشنر سکھر اے سی روہڑی سے مطالبہ کیا کہ کندھرا میں ٹاؤن انتظامیہ کی نااہلی کا نوٹس لے کر شکایت کا ازالہ کرکے سہولیات فراہم کی جائیں۔