لاڑکانہ ،گھریلو ناچاقیوں پر شوہر کے ہاتھوں بیوی قتل،ایک بچہ نہر میں ڈوب گیا

214

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے تھانہ اللہ آباد کی حد گولیمار کے علاقے میں ضعیف شخص نے اپنی ضعیف بیوی کو گھریلو ناچاقی کے باعث فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ واقعہ کی اطلاع پر حد کے تھانے کی پولیس نے پہنچ کر لاش پوسٹ مارٹم کے لیے چانڈکا اسپتال منتقل کی۔ بعد ازاں کارروائی کرتے ہوئے ملزم گلاب ماچھی کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا۔ ملزم گلاب ماچھی کے مطابق اس کی بیوی صبح سے لے کر شام تک بغیر بتائے گھر سے نکلتی تھی جبکہ بیوی نے بیٹے کو کہہ کر گھر سے نکالنے کا بھی فیصلہ کیا، جس کے بعد بیٹا جھگڑا کرتا تھا۔ گزشتہ شب بیوی کی جانب سے تذلیل کے بعد دلبرداشتہ ہوکر ضعیف بیوی کو بندوق کے فائر کرکے قتل کیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے بھتیجے کی مدعیت میں ملزم گلاب ماچھی کیخلاف درج کیا گیا، جسے آج مقامی عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔ لاڑکانہ کے قریب گاؤں قائم خان چاچڑ میں تنظیم اصلاح الفقرائے نقشبندیہ تحصیل لاڑکانہ کے سینئر نائب صدر شہزاد چاچڑ کا بھتیجا 5 سالہ محمد مصطفی چاچڑ گاؤں کی قریبی نہر میں گر کیا، جسے ورثا نے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کرنے کی کوشش کی، تاہم بچہ راستے میں ہی دم توڑ گیا جبکہ اسپتال میں بچے کی موت کی تصدیق کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی، لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ لاڑکانہ شہر کے تھانہ رحمت پور کی حد میں مبینہ طور پر منشیات فروش فائرنگ کرکے ہوٹل چلانے والے محنت کش سعید کھاوڑ کو زخمی کرنے کے بعد فرار ہوگئے، جسے ورثا نے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امدا دی گئی۔ ورثا کے مطابق سعید کھاوڑ کی جانب سے علاقے کے بااثر منشیات فروشوں کو منشیات فروخت کرنے سے منع کیا، جس پر انہیں جان لیوا دھمکیاں بھی دی گئیں جبکہ گزشتہ شب منشیات فروش ملزمان نے گھر کے باہر سعید احمد کو بلاکر فائرنگ کرکے اسے زخمی کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے تحفظ فراہم کیا جائے۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ چار ملزمان امیر علی بروہی، صدام راہوجو اور دو نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کرنے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، جنہیں جلد گرفتار کیا جائے گا۔