کورونا کے پیش نظر غیر ترقیاتی اخراجات کو کم کرنا ہوگا، میونسپل کمشنر سکھر

128

سکھر (نمائندہ جسارت) بلدیہ اعلیٰ سکھر کامالی سال 2020-21ء کے بجٹ کی تیاری کے حوالے سے اجلاس، نئی ترقیاتی اسکیموں، ریکوری میں تیزی لانے سمیت ملازمین کی اپ گریڈیشن سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین فنانس کمیٹی ڈاکٹر علی نواز کھوسو نے کی، میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے اہم تجاویز پیش کیں۔ میٹنگ میں یوسی چیئرمین فرید صدیقی، ایکسین سہیل احمد میمن، اکائونٹس آفیسر یوسف ملک، ٹیکسیشن آفیسر خالد جتوئی، پی آر او پیر عطاء الرحمن خان، ایس پی او عابد علی انصاری، اے ای این الیکٹریک فیاض میمن سمیت تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی مجموعی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں غیر ترقیاتی اخراجات کو کم کرنا ہوگا جبکہ جاری ترقیاتی کاموں کے لیے گزشتہ مالی سال میں مختص رقم کا جتنا حصہ استعمال کر پائے ہیں، اسی حساب سے رواں مالی سال کے بجٹ میں رقم مختص کی جائے، زائد رقم مختص کرنے سے اخراجات میں اضافہ ہوگا، نئی ترقیاتی اسکیموں میں صرف انہیں ترجیح دینا ہوگی جو انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ریکوری پر بھی خصوصی توجہ دینا ہوگی، تاکہ بلدیہ اپنے وسائل کو بڑھا سکے اور شہر میں تیزی سے ترقیاتی کام ہوسکیں۔ میونسپل کمشنر نے ملازمین کے گریڈز میں توازن نہ ہونے کے مسئلے پر شرکا کی توجہ مرکوز کراتے ہوئے کہا کہ میرے پاس آئے روز ملازمین درخواستیں جمع کراتے ہیں کہ ہمیں اپ گریڈ کیا جائے، کئی ملازمین اپ گریڈیشن سے فائدہ اٹھا چکے اور کئی ملازمین کا مسئلہ اب تک حل نہیں ہو پایا ہے، ہمیں اس طرف بھی توجہ دینا ہوگی اور پوسٹس کے حساب سے تمام ملازمین کو مساوی اسکیل دینا ہوں گے جو کہ ان کا حق ہے۔