مسلم لیگ (ن) کے قائد اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے تصدیق کی ہےکہ شہباز شریف میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق شہباز شریف نے کورونا وائرس کا نتیجہ مثبت آنے کے بعد خود کو گھر میں آئسولیٹ کرلیا ہے۔
پارٹی رہنماؤں نے شہباز شریف کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ کچھ دن قبل ترجمان مریم اورنگزیب، ان کی والدہ اور لیگی رہنما طارق فضل میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئئ، جس کے بعد انہوں نے خود کو گھروں میں قرنطینہ کرلیا ہے۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اوروفاقی وزیر کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
اس وقت ملک میں ایک لاکھ سے زائد افراد کورونا کے مریض میں مبتلا ہیں جب کہ 2356 مریض انتقال کرچکے ہیں۔