لیگی رہنما احسن اقبال، پی ٹی آئی کے فرخ حبیب بھی کورونا میں مبتلا

171

لاہور(نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب سمیت مزید سیاست دان کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔پارلیمنٹ سیکریٹریٹ سے اراکین کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج سے متعلق جاری تازہ فہرست کے مطابق احسن اقبال اور فرخ حبیب کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے احسن اقبال کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ لیگی رہنما نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ان کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پی) کے رکن قومی اسمبلی عثمان قادری اور بلوچستان سے آزاد سینیٹر ثنا جمالی بھی وبا کا شکار ہوگئی ہیں۔ کچھ روز قبل سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔اسی روز لیگی رہنماؤں طارق فضل چوہدری، مریم اورنگزیب اور ان کی والدہ طاہرہ اورنگزیب میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جے پرکاش لوہانا بھی اسی دن کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔