لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) چانڈکا حادثاتی شعبے میں چیسٹ کا مریض فوت، مریض کے ورثا نے لاپروائی کا الزام لگاکر ڈاکٹروں پر تشدد کردیا، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے نے احتجاج کرتے ہوئے تحفظ کی اپیل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قنبر شہدادکوٹ ضلع کے گاؤں چھجڑا کے رہائشی سکندر بھٹو کو ورثا کی جانب سے ٹائیفائیڈ بخار کے باعث چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں وہ دم توڑگئے جبکہ ورثا نے ڈاکٹروں اور عملے پر غفلت برتنے کا الزام لگاتے ہوئے اسپتال میں توڑ پھوڑ کرکے ڈاکٹر ثنااللہ اور پیرا میڈیکل کے ملازم برکت جتوئی کے کپڑے پھاڑ کر ان پر تشدد کیا جس پر ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسپتال نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں۔ اسی دوران لاڑکانہ شہر کے حسینی محلے کا رہائشی ضعیف شخص عبدالستار بروہی اور لالورائنک کے قریب گاؤں پیچوہا کا رہائشی خلیل پیچوہو بھی دم توڑگئے جبکہ بھٹو برادری کی جانب سے متوفی سکندر بھٹو کی لاش اسپتال کے باہر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا جہاں انہوں نے سخت نعرے بازی کرتے ہوئے ڈاکٹروں اور عملے کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔دوسری جانب ڈاکٹر ارشاد ابڑو، ثنااللہ میتلو اور پیرا میڈیکل عملے کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کرکے تحفظ کی اپیل کی ہے۔