پارک لین ریفرنس: آصف زرداری پر فردِ جرم کے لیے 26 جون کی تاریخ مقرر

412

احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری پر فردِ جرم کے لیے 26 جون کی تاریخ مقرر کردی۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت ہوئی جس میں ان کے وکیل فاروق نائیک پیش ہوئے۔

وکیل آصف زرداری فاروق نائیک نے سابق صدر کی غیر حاضری پر عدالت کو بتایا کہ عمر رسیدہ لوگ کورونا وائرس کا زیادہ شکار ہوسکتے ہیں، آصف زرداری اور فریال تالپور کی عمریں 60 سال سے زائد ہیں۔

وکیل فاروق نائیک نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی جس کو عدالت نے منظور کرلیا۔

احتساب عدالت کے فاضل جج نے کہا کہ جو ملزمان عدالت نہیں آسکتے ان کا بیان ریکارڈ کرلیں گے۔

عدالت نے منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت 7 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے آصف زرداری پر فردِ جرم کے لیے 26 جون کی تاریخ مقرر کردی۔