ٹڈیوں کے حملے کا خدشہ،نوابشاہ ائرپورٹ پھر پروازوں کےلیے بند

77

کراچی (نمائندہ جسارت) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ٹڈیوں کے حملے کے پیش نظر نوابشاہ ائرپورٹ کو ایک بار پھر پروازوں کے لیے بند کردیاہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹم کے مطابق ٹڈیوں کے باعث نوابشاہ ائرپورٹ دو دن کے لیے بند رہے گا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق فضا میں نچلی سطح پر ٹڈیوں کی موجودگی کی بناءپر حد نظر بھی متاثر ہوتی ہے ، ٹڈیوں کے ونڈ اسکرین سے ٹکرانے اور ونڈ اسکرین سے چپک جانے کی بناءپر ونڈ اسکرین دھندلی ہوجاتی ہے اور سب سے زیادہ خطرناک بات ٹڈیوں کے شکار کی تلاش میں پرندوں کی پروازیں ہیں جن کی وجہ سے طیاروں کے انجن کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور وہ طیارے کی تباہی کا سب بن سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ نوابشاہ ائرپورٹ کراچی کا متبادل ائرپورٹ ہے اور کراچی میں ہنگامی صورتحال ہونے کی بناءپر طیاروں کو نوابشاہ ائرپورٹ پر ہی اتارا جاتا ہے ۔