رحمان ملک کا امریکی خاتون کو 50 ارب ہرجانے کا دوسرا نوٹس بھیج دیا

1379

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے جنسی زیادتی کے الزامات لگانے والی امریکی خاتون سنتھیا رچی کو 50 ارب روپے ہرجانے کا دوسرا نوٹس بھیج دیا۔

ترجمان رحمان ملک کے مطابق رحمان ملک کے وکلا نے امریکی خاتون سنتھیا رچی کو نوٹس بذریعہ کوریئر بھیجوایا اور دوسرا نوٹس امریکی خاتون کو نجی چینلز پر رحمان ملک کے خلاف من گھڑت الزامات لگانے پر جاری کیا گیا۔

نوٹس میں رحمان ملک  کا کہنا تھا کہ سنتھیا رچی کے لگائے گئے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں جن کی سختی سے تردید کرتا ہوں،سنتھیا رچی نے ٹی وی پروگرامز میں نازیبا اور بے بنیاد الزامات لگائے لہذا امریکی خاتون کو اس کے جھوٹ کے پلندے کے ساتھ انصاف کے کٹہرے میں لاﺅں گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سینیٹر رحمان ملک نے امریکی خاتون سنتھیا رچی کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا تھا۔

واضح رہے کہ امریکی خاتون شہری سنتھیا رچی نے سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کے خلاف زیادتی اور دست درازی کےالزامات لگائے ہیں ،انھوں نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام عائد کیا تھا۔

اس سے قبل سنتھیا رچی نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے حوالے سے بھی متنازع اور نامناسب ٹوئٹ کی تھیں۔امریکی خاتون کے الزامات پر پیپلز پارٹی نے قانونی چارہ جوئی کے لیے عدالت سے رجوع کررکھاہے۔