امریکا سے رہا ہونے والا ایرانی سائنسدان واپس پہنچ گیا

286

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران اور امریکا کے مابین قیدیوں کے تبادلے کے سمجھوتے کے نتیجے میں سائنس دان مجید طاہری جیل سے رہا ہوکر تہران پہنچ گئے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق گزشتہ ہفتے دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے قیدی رہا کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تھا، جس کے بعد امریکا کی جانب سے ایک اور ایرانی سائنس دان کو 16 ماہ حراست میں رکھنے کے بعد رہا کیاگیا، جنہیں تہران پہنچنے پر ایرانی نائب وزیر خارجہ جابری انصاری نے خوش آمدید کہا۔ ایرانی نژاد امریکی شہری نے رہائی کے لیے کوشش کرنے پر وزیر خارجہ جواد ظریف کا شکریہ ادا کیا۔ مجید طاہری فلوریڈا کے شہر ٹیمپا میں سائنسدان کی حیثیت سے کام کررہے تھے۔ ایرانی حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ بیرون ملک قید ایرانی باشندوں کو رہا کردیا جائے گا اور حکومت انہیں وطن واپس لانے کے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔ نائب وزیر خارجہ جابری انصاری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ پیش رفت کئی ماہ سے جاری کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اس سلسلے میں تہران میں موجود سوئٹزرلینڈ کے سفارت خانے اور ایران کی وزارت خارجہ کے باہمی ربط سے یہ ممکن ہو سکا ہے۔ مجید طاہری کا کہنا تھا کہ انہیں امریکا کے کلینک میں ادویات پر عائد پابندی کو نظر انداز کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے اپنے خلاف عائد الزامات کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔