پیٹرول بحران حکومتی نظام مفلوج ہونے کی نشانی ہے،شہباز شریف

169

لاہور (نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہیکہپیٹرول کا بحران حکومتی نظام کے مفلوج ہونے کی نشانی ہے ۔پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی کمی کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے سکی، پیٹرول کی قلت نے ہر جگہ عوام کے ہجوم لگا دیے ہیں۔ شہباز شریف نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نجی کمپنیوں کو تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو دینے کی تلقین کررہے ہیں جب کہ خود اس پر عمل نہیں کررہے۔شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں تاریخی کمی کا فائدہ گیس کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو منتقل کیوں نہیں کیاگیا؟ان کا کہنا ہے کہ ڈالر، معیشت اور گیس کے شعبے والی سنگین غلطی پیٹرولیم کے شعبے کے ساتھ بھی دہرائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قلت سے ٹڈی دل کے خلاف کارروائیوں پر منفی اثر پڑے گا اور پہلے سے درپیش مسائل مزید سنگین ہونے کا خطرہ ہے۔انہوں نے کہاکہ کورونا سے متاثرین کی بڑھتی تعداد نے خوفناک شکل اختیار کر لی ، کورونا ایک مہلک اور سفاک کھلی حقیقت ہے اس سے انتہائی احتیاط کریں۔