نارووال‘ احسن اقبال کیخلاف ریفرنس آنا ہے یا کیس خارج کر دیں؟‘ عدالت

183

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آبادکی احتساب عدالت نے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کی تعمیر کا ریفرنس دا ئر نہ کرانے پر چیئرمین نیب سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ بتائیں ریفرنس آنا ہے یا کیس خارج کر دیں،عدالت نے سماعت 26 جون تک ملتوی کر دی ۔جج محمد بشیر نے احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کی تعمیر میں اختیارات کے غلط استعمال سے متعلق کیس پر سماعت کی۔احسن اقبال اپنے وکیل طارق محمود جہانگیری کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے ۔احسن اقبال نے عدالت کو بتایا کہ نیب کہتا ہے عدالتیں فیصلے نہیں کر رہیں اور ریفرنس خود نہیں لاتے، انہوں نے استدعا کی کہ ریفرنس دائر نہیں کیا جا رہا تو کیس خارج کیا جائے۔نیب نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی کہ احسن اقبال کے خلاف انکوائری کو تفتیش میں تبدیل کر دیا گیا ہے، کورونا کے باعث تحقیقات میں تاخیر ہو رہی ہے، تحقیقات مکمل ہونے پر ریفرنس دائر کر دیں گے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا پہلے یہ کیس ایف آئی اے کے پاس تھا، نیب کو بعد میں ٹرانسفر ہوا۔ اس پر جج نے کہا کہ ایف آئی اے سے جو کیس نیب کو ٹرانسفر ہوا اس میں تو احسن اقبال کا نام ہی نہیں تھا۔