اسلام آباد (آن لائن ) وفاقی وزیر مواصلا ت مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بڑ ا فیصلہ کیا ہے کہ شوگر رپورٹ کی روشنی میں اب ریکوری ہوگی، سزائیں ملیں گی،مافیا سے نجات کے لیے نظام کی درستگی ہوگی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ اپنے ایک بیان میں مراد سعید کا کہناتھا کہ آٹا،چینی، بجلی مہنگی ہوتی ہے تو عوام بوجھ برداشت کرتے ہیں ،ان فیصلوں کے بعد اب مزید ایسا نہیں ہوگا۔ مہنگائی سے عوام کو نجات مل جائے گی اس پر عمران خان کا شکریہ ۔مراد سعید کاکہناتھاکہ اپوزیشن کے بیانات ہوا میں تحلیل ہو گئے۔حزب اختلاف کہتی تھی شوگر انکوائری نہیں ہوگی، آج انکوائری اور ایکشن قوم کے سامنے ہیں۔پھر کہتے انکوائری ہو بھی گئی تو رپورٹ نہیں آئے گی مگر رپورٹ بھی پوری قوم نے پڑھی۔ ذمے داروں کے خلاف کارروائی کا آغاز ہوگیا ہے ۔زرداری اور شریفوں کی ترجیح ذاتی مفادات رہا ہے ۔اپنی ہی شوگر ملوں کو سبسڈی دی گئی اسلئے تحقیقات اور کارروائی نہیں ہوئی ۔ عمران خان نے ثابت کردیا کہ ان کا مفاد ملک اور قوم ہے ۔قوم کو مبارک نیا پاکستان۔