عمران خان کی کورونا کیخلاف حالتِ انکار ملک کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے: مریم اورنگزیب

587

لاہور: ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کورونا وائرس کے خلاف حالتِ انکار ملک و قوم کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان اسمارٹ لاک ڈاؤن، اشرفیہ کا لاک ڈاؤن، کرفیو کی بحث سے باہرآئیں، روزانہ 100 لوگ کورونا کیخلاف جنگ میں اپنی جان کی بازی ہار رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ  عمران خان اپنی نااہلی، نالائقی اور چوری کا ملبہ کورونا پر نہیں ڈال سکتے، آپ کی نااہلی، نالائقی اور چوری سے معیشت تباہ، عوام بیروزگار اور بے حال ہوئی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ عمران خان اپنی کنفیوژن چھپانے کے لیے لاک ڈاؤن کے بارے میں طبقاتی تفریق ملک کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ  عمران خان ٹائیگر فورس کہاں ہے؟ اور کیا کررہی ہے؟ ٹائیگر فورس کے بھتافورس بن جانے کی شکایات آرہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  عمران خان کی کورونا کیخلاف حالت انکار ملک وقوم کے لیے خطرناک ثابت ہورہی ہے، عمران خان عوام کورونا کیخلاف جنگ آپ کےذہنی تذبذب، نالائقی کی وجہ سے ہار رہے ہیں۔