لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف تحصیل و سٹی کی جانب سے مصنوعی مہنگائی اور جعلی ڈومیسائل جاری کرنے کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی ضلعی صدر سمیع اللہ ابڑو، سیکرٹری جنرل عبدالرئوف ، تحصیل صدر ساجد حسین سانگی، سینئر نائب صدر اعجاز علی کناسرو، سٹی صدر محمد اسماعیل ابڑواور سیکرٹری جنرل عاشق حسین جتوئی و دیگر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود لاڑکانہ میں مہنگائی پر کنٹرول نہیں کیا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کی جانب سے مہنگائی پر کنٹرول کرنے کے لیے کوئی بھی اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ڈپٹی کمشنر بھی منافع خور تاجروں سے ملے ہوئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں جعلی ڈومیسائل جاری کرکے سندھ کے نوجوانوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لاڑکانہ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر کنٹرول کرکے جعلی ڈومیسائل معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے اصل ذمے داران کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔