حکومت نے مدارس پر قدغن لگائی تو تنظیمات مدارس سے ملکر تحریک چلائیں گے، سراج الحق

546

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے قرآن وحدیث کی تعلیم پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی ۔ حکومت نے مدارس پر قدغن لگائی تو تنظیمات مدارس سے ملکر تحریک چلائیں گے، اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان میں شامل تمام تنظیمیں احتیاطی تدابیر اور حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز کی پابندی کرتے ہوئے مدارس کھولنے کا اعلان کریں، جماعت اسلامی مدارس کی سرپرستی کرے گی ۔دینی تعلیم کی برکت سے نہ صرف کورونا ختم ہوگا بلکہ ملک و قوم کو دیگر آزمائشوں سے بھی نجات ملے گی ۔ قرآن و حد یث کی تعلیم حاصل کرنے والے30 لاکھ طلبہ کی تعلیم کا حرج ہورہاہے ۔ ایس او پیز پر عمل کیا تو امید ہے کہ حکومت بھی رکاوٹ نہیں ڈالے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں جمعیت اتحاد العلما پاکستان کے صدر مولانا عبدالمالک کی قیادت میں ملاقات کرنے والے علما کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کورونا وبا سے پوری دنیا پریشان ہے لیکن اس وبا سے نجات احتیاط ، ر جو ع الی اللہ اور توبہ و استغفار ہی سے ممکن ہے ۔ انہوںنے کہاکہ قرآن سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے ، قرآن و سنت کے مطابق اپنی زندگیاں گزارنے اور قرآن کے نظام کے نفاذ میں ہماری تمام پریشانیوں کا علاج ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل کرنے کے باوجود حکومت نے مدارس پر قدغن لگائی تو جماعت اسلامی اور اس کی تنظیما ت حکومت کے خلاف ایک بڑی تحریک چلانے کا فیصلہ کریں گی ۔