سراج الحق کا نورالحق قادری کو فون‘ شام میں مزارات کی بیحرمتی پر نوٹس لینے کامطالبہ

591

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کو فون کر کے شام میں خلیفہ اسلام حضرت عمر بن عبدالعزیز ؒ اور ان کی اہلیہ محترمہ کے مزاروں کی بے حرمتی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان کی طرف سے اس پر دو ٹوک اور واضح موقف اپنانے ، مجرموں کی گرفتاری اور او آئی سی کا اجلاس بلا کر آئندہ ایسے واقعات کے سدباب کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرور ت پر زور دیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کوئی مسلمان ان برگزیدہ ہستیوں کی توہین کا سوچ بھی نہیں سکتا ۔ اس سانحے پر پوری امت مسلمہ کا دل زخمی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس سے قبل بھی شام میں حضرت عمار بن یاسر ؓ اور دیگر اکابرین کے مزاروں کی بے حرمتی کی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ یہ اسلام دشمن قوتوں کی سوچی سمجھی سازش ہے تاکہ عالم اسلام میں نفرت کی آگ بھڑکا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے کہاکہ عالم اسلام کے حکمرانوں کو اس موقع پر فہم و تدبر اور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سانحے پر مشترکہ لائحہ عمل بنانا اور امت کو انتشار و افتراق سے بچانا ہوگا ۔