شہباز شریف کے فرار کے تمام راستے بند کردیے،شہزاد اکبر

254

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے وفا دار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف رپورٹ چارج شیٹ ہے۔شہباز شریف کے فرار کے تمام راستے بند کردیے ہیں اب وہ لندن نہیں جاسکتے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہد خان عباسی نے چینی کی پیداوار کا صحیح تعین کیے بغیر 24 گھنٹے کے نوٹس کے اوپر چینی پر 20 ارب روپے کی سبسڈی شوگر ملز کو دی تاکہ وہ برآمد کرسکیں۔شہزاد اکبر نے کمیشن رپورٹ کے پیرا 209 کا حوالہ دے کر کہا کہ شاہد خاقان عباسی سبسڈی کے حق میں کوئی جواب دے سکے اور نہ ہی کوئی دستاویز پیش کیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اپنے مالک (شہباز شریف) کے اتنے وفادار ہیں کہ ان کے بھتیجے (سلیمان یا حمزہ شہباز) کے کہنے پر 20 ارب روپے کی سبسڈی دے دی۔انہوں نے طنزیہ کہا کہ یہ ہوتا ہے لائق شخص، یہ ہوتا ہے وفادار شخص۔علاوہ ازیں شہزاد اکبر نے کہا کہ سندھ والوں نے بھی حصہ ڈالا لیکن میں آج اس پر محدود رکھتا ہوں۔شہزاد اکبر نے کہا کہ کمیشن نے چینی بحران کی اصل وجہ مارکیٹ اور شوگر ملز کے گٹھ جوڑ کو قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ کمیشن نے تحریری طور پر دو مرتبہ سندھ کے وزیراعلیٰ کو طلب کیا لیکن وہ پیش نہیں، ای سی سی کے رکن اسد عمر نے بھی پیش ہو کر تمام سوالات کے جواب دیے۔شہزاد اکبر نے کہا کہ مذکورہ کمیشن رپورٹ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خان عباسی کے خلاف چارج شیٹ ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پر بھی کڑی تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ میں شہباز شریف کے کارناموں کا تفصیل سے تذکرہ موجود ہے۔شہزاد اکبر نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب تھے، ان کی نگرانی میں العربیہ شوگرملز نے کسانوں کو تقریباً سوا ارب روپے کی کم ادائیگی کی تھی۔انہوں نے چینی بحران کمیشن کی رپورٹ کے پیرا 422 صفحہ 119 کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کسانوں کو سپورٹ پرائز کی شفاف ادائیگی کے لیے اسپیشل برانچ کو رپورٹ جمع کرانے کا کہا اور بعدازاں اس رپورٹ میں انکشاف کیا کہ شہباز شریف خاندان کی العربیہ شوگر ملز نے کسانوں کا حق مارا۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف کا پورا خاندان العربیہ شوگر ملز کا شیئر ہولڈرز ہے، کسان اور صارف بد حال ہے لیکن شوگر ملز خوش ہیں۔معاون خصوصی نے شہباز شریف کو مخاطب کرکے کہا کہ اس سے بڑا کیا ثبوت چاہیے۔شہزاد اکبر نے بتایا کہ العربیہ شوگر ملز میں دو لیجر بکس تھیں جس پر ’این اور آر‘ درج تھا۔انہوں نے مزید تفصیلات بتائیں کہ جس لیجر بک پر این درج تھا اس کا مطلب تھا کہ گنا خریدا گیا اور چینی بھی بنائی گئی لیکن ایسے ظاہر نہیں کیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف ریفرنس دائر ہونے والا ہے جس کے خوف سے انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف کے لیے بھاگنے کے تمام راستے بند ہیں، شاید وہ لندن بھی نہ جا سکیں۔