کسی بھی جارحیت کیخلاف مؤثر دفاع کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں، شاہ محمود قریشی

165

اسلام آباد(اے پی پی) وزیر خارجہ شا ہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف مؤثر دفاع کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اورایٹمی ریاست کی حیثیت سے صبر وتحمل اور ذمے داری کی ہماری پہچان جاری رہے گی۔جمعرات کو یوم تکبیر کے موقع پر ورچوئل سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں کسی بھی ایٹمی یا روایتی ہتھیاروں کی دوڑ کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اسٹریٹجک اعتبار سے ذمے دارانہ رویے پر مبنی تجاویز پر عملدرآمد کے ذریعے امن واستحکام کے لیے اپنے عزم کا بھر پور مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کی خواہش کے لیے ہماری خواہش سے کسی کو غلط فہمی کا شکار نہیں ہونا چاہیے، پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف مؤثر دفاع کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم کووڈ19جیسے وبائی مرض کے چیلنجز کے تناظر میں یوم تکبیر منا رہے ہیں، جس نے جغرافیائی سرحدوں، نسلی، سیاسی اور مذہبی تقسیم کے بغیر عالمی برادری کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ حال ہی میں بھارت کی جانب سے ایل او سی پر کشیدگی میں اضافے، بلا اشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا مقصدمقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔بھارتی اقدامات نے جنوبی ایشیاکے امن واستحکام کو مزید خطرات سے دو چار کر دیا ہے۔