اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ مراد علی شاہ کو جھوٹ بولنے کے بجائے زرداری کی کرپشن میں سہولت کاری کا جواب دینا پڑے گا، سندھ حکومت کا یہ کہنا کہ مراد علی شاہ کو انکوائری کمیشن نے بلایا ہی نہیں غلط ہے، کمیشن نے ایک بار نہیں بلکہ بارہا وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش ہونے کے لیے خطوط لکھے، مراد علی شاہ نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی طرف سے خط بھیج کر کمیشن کے سامنے پیش ہونے سے انکار کیا۔ مراد سعید نے کہا کہ سب سے زیادہ سبسڈی وزیر اعلیٰ سندھ نے زرداری کے اومنی گروپ کو دی۔ مراد سعید نے کہا کہ یہ حکومت میں رہ کر اپنی ہی شوگر ملوں پر قوم کا پیسہ لٹاتے رہے ، ماضی میں چینی آٹا مہنگا ہوتا تھا لیکن کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوتی تھی، سار ا بوجھ عوام پر ڈال کر ظلم کیا جاتا رہا۔ اب اس انکوائری رپورٹ کے بعد نظام کو ٹھیک کر کے ثمرات عوام تک پہنچانے ہیں۔