ٹھٹھہ، مرد اور خواتین پیرا میڈیکل ا سٹاف 2 ماہ سے تنخواہ سے محروم

203

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ٹھٹھہ سمیت سندھ میں میل اور فیمیل اسٹاف نرس کو گزشتہ دو ماہ سے تنخواہواں کی ادائیگی نہیں ہوسکی، 2018ء میں 8 ہزار امیدواروں میں سے 2386 امیدوار پاس قرار دیے گئے، کورونا وائرس ایمرجنسی ڈیوٹی کے لیے محکمہ صحت سندھ نے ایک ہزار سے زائد کمیشن پاس میل، فیمیل اسٹاف نرس کو BPS 16 گریڈ میں 89 دن کے لیے عارضی بنیادوں پر ڈائریکٹ بھرتی کیا۔ مارچ 24 سے ڈیوٹی جوائن کرنے والا عملہ آئیسولیشن سینٹر سمیت دوسری مختلف جگہوں پر تعینات ہے جن کو دو ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا، مگر ابھی تک ان کی تنخواہیں جاری نہیں ہوئیں، جس کیخلاف میل، فیمیل اسٹاف نرسز نے گزشتہ ایک ہفتہ پہلے سول اسپتال ٹھٹھہ سمیت دوسرے اضلاع میں احتجاج ریکارڈ کرایا مگر انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہیں لیا، جس کے باعث عملہ شدید پریشانی میں مبتلا ہے۔ اس سلسلے میں ٹھٹھہ میں کام کرنے والے اسٹاف نرس غلام مرتضیٰ، توقیر عباس، صدام سموں، الطاف سموں، مہرین بھٹی، ریحانہ میمن و دیگر عملے نے صحافیوں کو بتایا کہ تنخواہوں کی عدم فراہمی کے باعث ان کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا ایمرجنسی ڈیوٹی سے پہلے وہ پڑھائی کیساتھ ساتھ وہ پرائیویٹ پارٹ ٹائم جاب کر کے گزر بسر کرتے تھے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر صحت سے مطالبہ کیا کہ ان کو فوری طور پر تنخواہیں جاری کی جائیں اور ہمیں ملازمتوں پر مستقل کیا جائے۔