حافظ سمیع الرحمن شہید کے قاتلوں کو پھانسی دی جائے، سراج الحق

247

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور نائب امیر لیاقت بلوچ نے کھڈیاں قصور میں حافظ سمیع الرحمن کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتل کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ حافظ سمیع الرحمن اسلامی جمعیت طلبہ کا رفیق اور انتہائی صالح نوجوان تھا جس کو مجرم نے اپنے شیطانی جال میں پھنسانے کی کوشش کی اور ناکامی پر معصوم نوجوان کو عید کے دن گولی مار کر شہید کردیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ یہ واقعہ زینب قتل کیس کا ہی تسلسل ہے ،حکومت اب تک قصور اور اس کے گرد و نواح میں بچوں کے ساتھ شیطانی کھیل کھیلنے والوں کو نشان عبرت نہیں بناسکی ۔انہوں نے کہا کہ اگرمعصوم بچوں کے ساتھ درندگی کرنے والوں کو سرعام پھانسی پر لٹکایا جاتا تو آج تسلسل کے ساتھ اس طرح کے واقعات نہ ہوتے ۔سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے مقتول حافظ سمیع الرحمن کے والد کو فون کرکے ان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور انہیں جماعت اسلامی کی طرف سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا ۔نائب امیر لیاقت بلوچ 27مئی کومقتول کے گھر والوں سے اظہار تعزیت کے لیے کھڈیا ں جائیں گے ۔