حکمت عملی ہوتی تو کورونامتاثرین کی تعداد نہ بڑھتی،شہباز شریف

158

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے عوام سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کر دی۔اپنے ایک بیان میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین اور اموات کی شرح میں اضافے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاوَن کھولنے سے پہلے حکمت عملی ہوتی تو متاثرین کی تعداد میں اضافہ نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ میں پھر کہتا ہوں کہ مزید وقت ضائع نہ کریں اور قومی حکمت عملی بنائیں۔ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کی
حکمت عملی کیا ہے؟ عوام کو تفصیل بتائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حکومت کی حکمت عملی کیا ہے؟ وقت تیزی سے گزر رہا ہے، حالات کے مطابق متعلقہ پہلوؤں پر توجہ دی جائے تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بہترین تدابیر سے نقصانات کم کیے جا سکتے ہیں اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔شہباز شریف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلا کرحالات کا جائزہ لیا جائے اور موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ازسرنو حکمت عملی کا تعین کیا جائے۔