لاہور(نمائندہ جسارت)مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم ختم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، عمران خان سمجھتے ہیں نیب کا استعمال کر کے اپوزیشن کو چپ کرا لیں گے تو ان کی بھول ہے۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کراچی حادثہ میں شہید ہونے والے کیپٹن سجاد کے گھر تعزیت کیلیے پہنچے۔ انہوں نے شہید ہونے والے پائلٹ سجاد گل کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور شہید کیلیے فاتحہ خوانی کی۔ایاز صادق نے اس موقع پر کہا کہ سجاد گل بہترین پائلٹ ہونے کے ساتھ ساتھ اچھے اور ملنسار انسان تھے۔ شہید پائلٹ کے والد کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے اس حادثے سے دیگر انسانوں کو بچانے کی بھر پور کوشش کی لیکن اللہ کو کچھ اور منظور تھا۔تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں ن لیگی رہنما نے اٹھارہویں ترمیم کا خاتمہ ناممکن قرار دے دیا، سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ میری ذاتی رائے ہے کہ نیب کا ادارہ ختم کر دینا چاہیے بغیر ثبوت کے کسی کو بھی گرفتار کرنا درست نہیں کچھ حکومتی لوگ بھی اپنی حکومتی پالیسیوں سے نالاں ہیں یہی وجہ ہے انہیں نیب سے ڈرایا جا رہا ہے۔ایاز صادق کا کہنا تھا کہ نیب کی پرفارمنس پر سوالیہ نشان لگ چکے ہیں ، ہم انصاف چاہتے ہیں، انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہییں ، حمزہ شہباز اور خورشید شاہ کے خلاف ابھی تک کچھ ثابت نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ حلفا کہتاہوں کہ اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے کے حوالے سے نون لیگ نے کوئی حامی نہیں بھری ، اگر اٹھارویں ترمیم میں ردو بدل کرنا ہے تو چھوٹے صوبوں کو ساتھ بٹھانا پڑے گا۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس صرف کورونا کے لیے بلایا گیا تھا لیکن اجلاس میں کورونا سے متعلق حکومتی حکمت عملی نظر نہیں آئی۔