اسلام آباد: شراب کی دکانیں کھولنے کا جعلی لیٹر تیار کرنے والے گروہ کا پتا لگا لیا گیا

916

 کراچی (رپورٹ: محمد انور) اسلام آباد کی ہوٹلوں میں شراب کی دکانیں کھولنے کے اجازت دینے کے جعلی لیٹر  کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کرنے اور ملک کو بدنام کرنے  کی کوشش کرنے والے سرکاری اہلکاروں پر مشتمل گروہ کا سراغ لگاکر ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

یہ بات وفاقی دارالخلافہ اسلام آباد  کے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقت نے اسلام آباد “جسارت” سے  ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ جسارت سمیت دیگر اخبارات میں شائع ہونے والی  شارب کی دکانوں کے کھولنے کی اجازت کی خبر پر انہوں نے خود نوٹس کے کر سخت حکم جاری کیا ہے ۔

جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک سرکاری اہلکار کو گرفتار بھی کرلیا جبکہ دیگر کی تلاش بھی شروع کردی ہے ۔

ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقت نے بتایا ہے کہ یہ کیس ایف ائی اے کے سپرد کرنے کے لیے میں نے خود کارروائی کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتار سرکاری اہلکار کو انکوائری کے بعد برطرف بھی کیا جائے گا جبکہ ایف ائی اے سے بھی کہا گیا ہے کہ پورے گروہ کا پتا لگاکر کر اس کا خاتمہ کیا جائے ۔

انہوں نے بتایا ہے کہ شراب کی دکانوں کو کھولنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ اس گروہ نے ایک منظم سازش کے ذریعے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں نہ صرف جعلی خط کو وائرل کیا بلکہ منظم طریقے سے اخبارات اور میڈیا تک پہنچایا تھا ۔ لیکن اللہ کا شکر ہے کہ اس جعلی لیٹر کی بنیاد پر شراب کی کوئی غیر قانونی دکان نہیں کھولی جاسکی ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ جعلی لیٹر میں اسلام آباد کے جن تین ہوٹلوں میں شراب کی دکانوں کا ذکر تھا ان میں دو ہوٹلیں تو گزشتہ کئی مہینوں سے بند ہیں ۔