بھارت خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہا ہے ،شاہ محمود قریشی

200

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت، اپنی ہندتوا پالیسی پر عمل کرتے ہوئے خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہا ہے ،خطے کو عدم استحکام سے بچانے کے لیے عالمی برادری کو بھارت کے جارحانہ اور ہتک آمیز رویے کا فوری نوٹس لینا ہو گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں سابقہ خارجہ سیکرٹریز /سابق سفراء کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں کورونا وبا کے بعد سامنے آنے والے چیلنجز، علاقائی استحکام اور پاکستان کی خارجہ پالیسی ترجیحات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی ۔اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا عالمی وبائی چیلنج کے باعث، دنیا تیزی سے بدل رہی ہے- ترقی یافتہ ممالک کی معیشتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، کورونا وائرس کے عالمی سطح پر پھیلا اور اس کے شدید معاشی مضمرات کے سبب ہم عالمی معاشی بحران کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ کورونا وبا کے بعد اقوام عالم کی صورت حال کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں اپنی حکمت عملی تیار کرنا ہو گی معیشت کو درپیش مشکلات سے نبرد آزما ہونے اور معاشی بحالی کے لیے ہمیں اقتصادی سفارت کاری کو مزید فعال بنانا ہو گا ۔