سکھر ،دو مختلف واقعات میں ایک خاتون قتل،3 شدید زخمی ہوگئے

355

سکھر (نمائندہ جسارت) روہڑی و گردونواح میں مختلف واقعات میں خاتون قتل، ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت تین افراد زخمی، علاج کے لیے تعلقہ اسپتال روہڑی لایا گیا۔ روہڑی کی نواحی تحصیل صالح پٹ کے گاؤں قائم خان بہن میں سوتیلے بیٹے نے اپنی ماں مسمات گلزار دختر احمد خان بہن زوجہ لیموں بہن کو فائرنگ سے قتل کرکے بندوق سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اطلاع پر پولیس نے لاش تحویل میں لے کر تعلقہ اسپتال روہڑی سے پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد ورثا کے حوالے کردیا۔ پولیس کے مطابق ساس بہو کے جھگڑے کے دوران سوتیلے بیٹے قمر الدین بہن نے اپنی ماں کو بندوق سے فائر کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگیا، مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔ مقتولہ کے بھائی درگاہی نے بتایا کہ لیمو بہن کی بڑی بیوی کے بیٹے قمر دین نے بے گناہ بہن کو قتل کیا ہے، انصاف کیا جائے۔ سکھر روہڑی قومی شاہراہ پرانا ٹول پلازہ پر عید کی خریداری کرکے واپس گاؤں جانے والوں کا رکشہ اوور ٹیک کے دوران بے قابو ہو کر الٹ جانے کے سبب محمد سہیل، غلام مصطفی مسمات خورشید زخمی ہوگئے، تمام زخمیوں کو علاج کے لیے تعلقہ اسپتال روہڑی لایا گیا۔ سکھر تھانہ سی سیکشن پولیس کی تھانہ اے سیکشن پولیس کی حدود میں جوئے کے اڈے پر چھاپا، 7 جواری گرفتار، جوئے کا سامان و نقدی برآمد۔ تھانہ سی سیکشن پولیس نے تھانہ اے سیکشن پولیس کی حدود پولیس ہیڈ کوارٹر کے قریب ایک جوائے کے اڈے پر چھاپا مار کر 7 ملزمان آصف پٹھان، ظہیر عباسی، سہیل احمد، توصیف راجپوت، نعمان راجپوت، جاوید اقبال، حمد اللہ شاہ کو گرفتار کرکے قبضے سے تقریباً ساڑھے تین لاکھ روپے نقد رقم اور چھے موبائل فون اور پرچی جواء بک اور ایک عدد لیڈو گیم برآمد کرکے تھانہ اے سیکشن سکھر پر ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔