میئر اسلام آباد کی 90 روزہ معطلی کا حکم معطل

450

اسلام آباد ہائی کورٹ نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز  کی معطلی کا حکم معطل کرتے ہوئے کام کرنے کی اجازت دے دی۔

میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کرپشن الزامات پر اپنی 90 روز کی معطلی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

 میئر اسلام آباد نے اپنی درخواست میں وفاق، وزارت داخلہ اور لوکل گورنمنٹ کمیشن کو فریق بناتے ہوئے ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی تھی  کہ 17 مئی 2020ء کا وزارت داخلہ کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیا جائے اور درخواست پر فیصلے تک نوٹی فکیشن معطل کرکے بطور میئر کام کرنے کی اجازت دی جائے۔

 شیخ انصر عزیز نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ میرے خلاف کی گئی کارروائی غیر قانونی ہے، عدالت فریقین کو ہدایت دے کہ قانون کے دائرے میں رہ کرکام کریں اور مجھے بھی کام کرنے دیا جائے۔

عدالت نے درخواست سماعت کرتے ہوئے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز  کی معطلی کا حکم معطل کرتے ہوئے کام کرنے کی اجازت دے دی۔

 واضح رہے کہ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز پر انٹرسٹی ٹرانسپورٹ اڈے میں مبینہ کرپشن کے الزامات ہیں، ان کے خلاف ایم سی آئی کی چیف میٹروپولیٹن آفیسر نے ریفرنس پیش کیا تھا۔