لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس سے انتقال کرگئیں۔
سی ای او میو اسپتال ڈاکٹر اسد اسلم نے ایم پی اے شاہین رضا کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شاہین رضا میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔شاہین رضا کی چار روز قبل طبیعت ناساز ہوئی تھی۔
ڈی سی گوجرانوالہ سہیل اشرف کا کہنا ہے کہ ایم پی اے شاہین رضا کو علاج کیلئے ڈی ایچ کیو شفٹ کیا گیا اور وینٹی لیٹر لگایا گیا، حالت مزید بگڑنے پہ لاہور منتقل کیا گیا جہاں وہ آج دم توڑ گئیں۔
شاہین رضا گوجرانوالہ ضلع میں خصوصی نشست پہ پی ٹی آئی کی واحد ایم پی اے تھیں، وہ لاک ڈاؤن کے دوران کافی متحرک تھیں، مستحق افراد تک راشن پہنچاتی رہیں، مختلف بھٹوں پر جا کر مزدوروں میں راشن بھی تقسیم کرتی رہیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایم پی اے شاہین رضا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہو کہا کہ شاہین رضا پارٹی کا قابل قدر اثاثہ تھیں، شاہین رضا مرحومہ کی پارٹی کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا سے 45 ہزار 898 افراد متاثر ہو چکے ہیں جس میں سے 985 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔
اب تک متعدد اراکین اسمبلی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے لیکن شاہین رضا کورونا وائرس سے انتقال کرنے والی پاکستان کی پہلی رکن اسمبلی ہیں۔